Insight of Quran

The Legacy Of Ibraheem A.S

ایمان، قربانی اور اللہ کے حکم کے آگے مکمل تسلیم کی داستان۔

ہم ایک ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں ہر طرف “بھیڑ چال” کا راج ہے۔ ہم اکثر وہی سوچتے ہیں جو ہمیں دکھایا جاتا ہے، اور وہی راستے چنتے ہیں جن پر سب چل رہے ہوتے ہیں۔

لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ اگر کائنات کی سب سے بڑی سچائی آپ پر واضح ہو جائے، اور اس سچائی کی خاطر آپ کو اپنے گھر، اپنے معاشرے اور وقت کے سب سے بڑے جابر بادشاہ کے خلاف اکیلے کھڑا ہونا پڑے، تو کیا آپ میں وہ ہمت ہوگی؟

ساڑھے چار ہزار سال پہلے، تاریخ نے ایک ایسے ہی انسان کا سفر دیکھا تھا۔ جو بابل کی گلیوں سے اکیلا نکلا تھا، مگر اللہ نے اسے ایک فرد نہیں، بلکہ پوری “امت” قرار دیا۔ وہ شخصیت جنہیں کائنات حضرت ابراہیم علیہ السلام (خلیل اللہ) کے نام سے جانتی ہے۔
یہ سیریز کیوں؟

حضرت ابراہیمؑ کی زندگی محض چند تاریخی واقعات یا دہرائے جانے والے قصوں کا مجموعہ نہیں ہے۔ یہ محبت، عقل، صبر اور تسلیم و رضا کی وہ لازوال داستان ہے جس کا ہر موڑ انسانی نفسیات اور ایمان کے گہرے راز کھولتا ہے۔ ذوالحجہ کے یہ مبارک دن اور قربانی کی یہ عظیم سنت، دراصل اسی ایک خاندان کی قربانیوں کی ابدی یادگار ہے جسے اللہ نے “حج” کے ارکان بنا کر قیامت تک کے لیے Freeze کر دیا ہے۔جب انسان سچے دل سے خدا کو ڈھونڈنے نکلتا ہے، تو خدا اسے تنہا نہیں چھوڑتا۔ اس کا سفر جستجو سے شروع ہوتا ہے اور اس کی معراج تسلیم و رضا (اللہ کے آگے سر جھکا دینے) پر ہوتی ہے۔ اس راستے میں آگ بھی آتی ہے، ہجرت کا کرب بھی، اپنوں کی جدائی بھی اور چمکتے خنجر بھی لیکن جو اللہ کا ہو جاتا ہے، پھر کائنات اس کی اداؤں کو اپنی بندگی کا معیار بنا دیتی ہے۔

دل کو تیار کریں: اگلے 8 دن تک روزانہ چند منٹ نکال کر اس کہانی کے ساتھ اپنے دل کی دنیا کو بدلنے کے لیے تیار ہو جائیں۔